پٹنہ26نومبر ( آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز ) بہار کے نائب وزیراعلیٰ سوشیل کمار مودی کے بیٹے ’’ اتکرش ‘‘ کی شادی کو لے کر گزشتہ چند دنوں سے افوا ہیں گردش کر رہی ہیں ۔واضح ہو کہ یہ افواہ تیج پرتاپ یادو کے بیان سے شروع ہوئی جس میں انہوں نے سرعام سوشیل کمار مودی کو کھلی وارننگ دی تھی۔انہوں نے اپنی پارٹی کے ایک پروگرام کے دوران کہا کہ اگر وہ سشیل کمار مودی کے بیٹے کی شادی میں گئے تو وہ گھر میں گھس کر ماریں گے۔اتوار کو یہ خبر سامنے آنے کے بعد کہ تیج پرتاپ کی دھمکی کی وجہ سے سشیل مودی نے شادی کی جگہ تبدیل کر دی ہے ۔ آر جے ڈی کے صدر لالو یادو نے یہ کہہ کر چٹکی لی کہ آخر تیج پرتاپ کے پھنکارنے سے سشیل مودی ڈر گئے۔ لالو نے کہا کہ سشیل مودی طالب علمی کے وقت سے ہی ڈرپوک ہیں ؛ لیکن لالو یادو نے سشیل مودی سے یہ بھی کہا کہ شادی بیاہ آرام سے کیجیے، آپ کا بیٹا، میرا بیٹا ہے۔لالو کے اس بیان سے پہلے تیج پرتاپ نے بھی یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ اس طرح کے کسی فعل کا ارتکاب نہیں کریں گے۔ انہوں نے مودی کوبیٹے کی شادی پر مبارکباد بھی دی۔ وہیں سشیل مودی نے اس پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب اس تنازع کو زیادہ طول نہیں دینا چاہتے ہیں؛ لیکن انہوں نے تنقید کا تیر چلاتے ہوئے کہا کہ آپ لالو یادو اور اس کے حامیوں پر کبھی بھی اعتماد نہیں کرسکتے ہیں۔سشیل مودی کے مطابق سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے شادی کی جگہ کو تبدیل کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب لالو یادو اپنی بیٹی کی شادی پٹنہ میں کرتے تھے تب لالو کے سالے اور متعلقہ افراد شو روم سے نئی گاڑی اٹھا کر لے آتے تھے اور ان کے خلاف کوئی کارروائی بھی نہیں کی جاتی تھی ۔ تیج پرتاپ یادو کے بیان بارے میں سشیل مودی نے کہا کہ آر جے ڈی صدر لالو یادو ہوں یا تیجسوی یادو کسی کو تیج پرتاپ کے اس بیان کی مذمت کی ہمت نہیں ہوئی ہے جو کہ افسوسناک ہے ۔